منڈگوڈ 20؍اکتوبر(ایس او نیوز) پچھلے دنوں بنگلورو میں آر ایس ایس لیڈر رودریش کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے منڈگوڈ میں بی جے پی اور ہندو جاگرن ویدیکے نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اور نائب تحصیلدار کی معرفت گورنر کو میمورنڈم پیش کیا۔
اس موقع پر سری سائی مندر کے پاس سے ایک بائک ریالی نکالی گئی جس میں ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ ریاست میں قتل و غارت گری، ڈاکے،تشدد اور لوٹ مار کے واقعات بہت ہی بڑھ گئے ہیں۔عوام کو لگ رہا ہے جیسے وزارت داخلہ بالکل ناکارہ ہوگئی ہے۔خود ریاست کے راجدھانی میں دن دہاڑے لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے۔آر ایس ایس کے رضاکار کو تلواروں سے حملہ کرکے موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے انہیں کڑی سزا دی جائے۔ ریاست میں امن و امان کی بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام امن و سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔